Saturday 22 December 2012

فیس بک کے 500 ملین ڈالر کے حصص خیراتی ادارے کو عطیہ

سان فرانسیسکو: فیس بک کے معاون بانی مارک زوکر برگ نے فیس بک کے 500 ملین ڈالر مالیت کے حصص سیلیکون ویلی نامی خیراتی ادارے کے نام وقف کر دیئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مارک زوکر برگ اور ان کی اہلیہ پرسیلا نے تعلیم وصحت کیلئے کام کرنے والے فلاحی ادارے کو کرسمس کے تحفے میں فیس بک کے 18 ملین حصص دیدئیے ہیں۔ اسٹاک مارکیٹ میں فیس بک کے فی حصص کی مالیت 27.6 ڈالر ہے۔ مائیکروسافٹ کے بل گیٹس کے قائم کردہ فنڈ ''دا گیوینگ پلیج'' سائن کیا تھا جس کے تحت انہوں نے چیرٹی کیلئے عطیہ دیا ہے۔ زوکر برگ نے نیویارک (نیوجرسی) میں ضلعی سطح پر اسکولوں کا نظام بہتر کرنے کیلئے 100 ملین ڈالر کا فنڈ بھی دیا تھا۔

پاکستان کیخلاف سیریز: بھارتی ٹیم کا اعلان آج ہوگا

نئی دہلی :بھارتی کرکٹ اینڈ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی ) کی سلیکشن کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا جس میں پاکستان کے خلاف ہوم سیریز کیلئے ٹی ٹونٹی اور ون ڈے ٹیموں کا اعلان کیا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم پانچ سال بعد بھارتی سرزمین پر باہمی کرکٹ میچوں کی سیریز کھیلنے کیلئے پہنچ چکی ہے اور وہ 25 دسمبر کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ سے دورے کا آغاز کرے گی۔ بی سی سی  آئی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سندیپ پٹیل کی سربراہی میں سلیکشن کمیٹی آج پاکستان کے خلاف سیریز کیلئے ٹیم کا اعلان کرے گی۔ دنیائے کرکٹ کے بے تاج بادشاہ سچن ٹنڈولکر کو متواتر ناکامیوں کی وجہ سے سکواڈ سے ڈراپ کرنے کا امکان ہے تاہم مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیلنے والی بھارتی ٹیم میں زیادہ تبدیلیاں نہیں کی جائیں گی۔ بھارت اور پاکستان کے درمیان دو ٹی ٹونٹی اور تین ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی

لاہور: بھارت سے سیریز: قومی کرکٹ ٹیم نئی دہلی روانہ ہوگئی

لاہور … بھارت کیخلاف سیریز کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم لاہور سے نئی دہلی روانہ ہوگئی، کپتان سمیت کسی بھی کھلاڑی یا آفیشل نے میڈیا سے گفتگو نہیں کی۔ پاکستان کی ٹی 20 کرکٹ ٹیم کپتان محمد حفیظ کی قیادت میں لاہور سے دہلی روانہ ہوگئی، ون ڈے اسکواڈ 3 دن بعد بھارت جائے گا۔ اس سے قبل کھلاڑی نیشنل کرکٹ اکیڈمی سے انتہائی سخت سیکیورٹی میں لاہور ایئرپورٹ پہنچے جہاں کسی بھی کھلاڑی یا آفیشل نے میڈیا سے گفتگو نہیں کی۔ بھارت روانہ ہونے والا ٹی 20 اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ کپتان محمد حفیظ، ناصر جمشید، احمد شہزاد، کامران اکمل، عمر اکمل، شاہد آفریدی، شعیب ملک، عمر امین، عمر گل، سہیل تنویر، سعید اجمل، جنید خان، اسد علی، محمد عرفان، ذوالفقار بابر۔بھارت روانگی سے قبل نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہورمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بولنگ کوچ محمد اکرم نے کہا کہ وہ یقین دلاتے ہیں کہ پاکستانی بولرز بھارت کے خلاف اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گے،ہر کھلاڑی نے دورے کیلئے بہت محنت کی ہے اور بولرز اچھے نتائج دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک انتہائی پریشر والی سیریز ہے اور کسی ٹیم کو فیورٹ قرار دینا قبل از وقت ہوگا۔ پاکستانی کرکٹرز ڈھائی بجے قومی ایئر لائنز کی پرواز کے ذریعے نئی دہلی روانہ ہوگئے جہاں سے وہ چارٹر ڈ پرواز کے ذریعے آج رات بنگلور پہنچیں گے۔ قومی ٹیم پہلے ٹی 20 میچ میں 25 دسمبر کو بھارت سے مقابلہ کرے گی جبکہ سیریز کا دوسرا اور آخری میچ احمد آباد میں 28 دسمبر کو ہوگا۔ بھارت کیخلاف 3 میچوں کی ون ڈے سیریز کا آغاز 30 دسمبر کو چنائے میں ہوگا جبکہ دوسرا معرکہ 3 جنوری 2013ء کو کولکتہ اور تیسرا مقابلہ 6 جنوری کو نئی دہلی میں ہوگا۔

لاہور:مینار پاکستان پر تحریکِ منہاج القرآن کے جلسے کی تیاریاں مکمل

لاہور…تحریکِ منہاج القرآن کے زیر انتظام مینارِ پاکستان پر جلسہ عام کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں،شرکاء کے قافلے رات سے ہی پہنچنا شروع ہو گئے تھے،جلسہ گاہ ابھی سے کھچا کھچ بھرا نظر آ رہا ہے،خواتین کی بڑی تعداد بھی جلسہ گاہ پہنچ چکی ہے۔ مینارِ پاکستان گراوٴنڈ میں پنڈال کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے،خواتین اور مردوں کے لئے الگ الگ اسٹیج تیار کیے گئے ہیں ،ہفتے کی شام سے ہی قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔جلسہ گاہ میں داخلے کے لیے تین دروازے مردوں اورتین خواتین کیلئے مختص کئے گئے ہیں، ایک دروازہ میڈیا اور وی وی آئی پیز کیلیے بنایا گیا ہے۔عہدیداروں کے لیے کرسیاں جبکہ کارکنوں کیلیے فرشی نشستیں لگائی گئی ہیں،،شرکاء کاجوش وخروش دیدنی ہے،وہ نظم وضبط کامظاہرہ کررہے ہیں اور مسلسل قومی پرچم لہرا کروطن سے محبت کااظہار کر رہے ہیں،جلسہ کیلئے سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

طالبان نے بلور پر حملے کی ذمہ داری قبول کر لی

پشاور: خیبر پختون خوا کے سینئر صوبائی وزیر بشیر احمد بلور پر خود کش حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان نے قبول کر لی ہے۔ پشاور کے علاقے ڈھکی نعلبندی میں ہونے والے خود کش حملے میں بشیر بلور کے سیکریٹری اورایس ایچ او تھانہ کابلی سمیت 8 افراد جاں بحق ہو ئے۔ ذرائع کے مطابق کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان احسان اللہ احسان نے مختلف صحافیوں کو ٹیلی فون کر کے واقعے کی ذمہ داری قبول کر لی۔

مستحق افراد کامفت علاج کیا جائیگا: بشیر بلور کا آخری خطاب

پشاور : اے این پی کے شہید ہونے والے سینئر صوبائی وزیر بشیر احمد بلور نے اپنی شہادت سے کچھ دیر قبل اپنے آخری خطاب میں کہا کہ مستحق افراد کا مفت علاج کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ سیکنڈری سکول کے مستحق طلباء کو بیس ہزار روپے وظیفہ دینگے اور علاج معالجے کیلئے ایک ارب روپے کا فنڈ رکھا گیا ہے ملالہ کے تعلیم عام کرنے کے مشن کو آگے بڑھا رہے ہیں عمر بھر  کی جدوجہد کی وجہ ہمارے جھنڈے کا رنگ سرخ ہے پاکستان کے ہر فرد کو تعلیم دینا ہمارا مشن ہے ۔

اے این پی کے رہنما بشیر احمد بلور کی نماز جنازہ آج دو پہر ادا کی جائے گی

پشاور…خودکش حملہ میں شہید اے این پی کے رہنما بشیر احمد بلور کی نماز جنازہ آج دو پہر ادا کی جائے گی۔ آبائی گھر پر رہنماوٴں اور کارکنوں سمیت بڑی تعداد میں لوگ جمع ہے جبکہ آخری دیدار کے لیے بشیر بلور کے بڑے صا حبزادے بھی پشاور پہنچ گئے۔ وزیر بشیر احمد بلور کی شہادت پر ملک بھر میں سوگ کا اعلان کیاگیا ہے جبکہ قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔صدر زرداری نے کہا ہے کہ بشیر بلور کی شہادت قومی سانحہ ہے، وہ ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے،افغان صدر کرزئی کا کہنا ہے کہ بشیر بلور نے دہشت گردی کے خلاف لازوال قربانی دی ۔ گزشتہ روز خیبر پختون خوا کے سینئر وزیر بشیر احمد بلور عوامی نیشنل پارٹی کے ایک جلسہ کے بعد گھر سے جونہی باہر نکلے، ایک خود کش حملہ آور نے اُن کے قریب آکر خود کو اُڑالیا،دھماکے میں ایس ایچ او تھانہ رازق خان اور بشیر احمد بلور کے پرسلنل سیکریٹری موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ بشیر احمد بلور کو انتہائی تشویشناک حالت میں لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا،جہاں آپریشن تھیٹرز میں ڈاکٹرز نے ان کی حرکت قلب اور سانسیں بحال کرنے کی بھرپور کوششیں کی،لیکن بشیر احمد بلور ڈیڑھ گھنٹہ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد خالق حقیقی سے جاملے۔ بشیر بلور کے انتقال سے اسپتال میں موجود عوامی نیشنل پارٹی کے عہدے دار،اور کارکن اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے،اور انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے،لوگ ایک دوسرے سے لپٹ کر روتے رہے اور تسلیاں دیتے رہے۔ بشیر احمد بلور کی میت سخت حفاظتی انتظامات میں ان کے بڑے بھائی غلام احمد بلور کے گھر پہنچا دی گئی۔ رات گئے ان کے بڑے صا حبزادے ہارون بلور بھی آخری دیدار کے لیے آبائی گھر پہنچ گئے۔بشیربلورکی نمازجنازہ آج دوپہر 2بجیکرنل شیرخان آرمی اسٹیڈیم میں اداکی جائے گی اور ان کی تدفین سیدحسن پیربادشاہ بیری باغ کے قبرستان میں ہوگی۔،خیبر پختون خوا کے سینئر وزیر شہادت پر حکومت نے ملک بھر میں ایک روزہ سوگ،جبکہ صوبائی حکومت نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

بشیر بلور کی شہادت پرآج ملک بھر میں یوم سوگ

اسلام آباد…خیبر پختونخوا کے سینئر صوبائی وزیر بشیر احمد بلور کی شہادت پر وزیراعظم نے آج ملک بھر میں یوم سوگ کا اعلان کیا ہے،چاروں صوبائی حکومتوں اور مختلف سیاسی جماعتوں نے بھی سوگ کا اعلان کیا ہے۔وزیر اعظم راجا پرویز اشرف نے بشیر بلور کی شہادت پر آج ملک بھر میں یوم سوگ کا اعلان کیا ہے۔ خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کی صوبائی حکومتوں نے تین روزہ جبکہ پنجاب اور سندھ حکومت نے ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ خیبر پختونخوا کے گورنر مسعود کوثر نے فاٹا میں بھی ایک روہ سوگ کا علان کیا ہے۔ سوگ کے دوران سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔ اے این پی نے اپنے مرکزی رہنما کی شہادت پر دس روز سوگ کا اعلان کیا ہے۔ جبکہ پیپلز پارٹی سندھ نے 2 روزہ اور ایم کیوایم نے تین روز سوگ کا اعلان کیا ہے۔ اے این پی بلوچستان نے تین روزہ سوگ کے علاوہ آج کوئٹہ میں شٹر ڈاوٴن ہڑتال کی اپیل کی ہے جس کی تاجروں نے حمایت کی ہے۔

پشاور: ڈھکی نعلبندی میں خود کش حملہ، بشیر بلورسمیت8 افرادجاں بحق

پشاور … پشاور کے علاقے ڈھکی نعلبندی میں خود کش حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے سینئر وزیر خیبر پختونخوا بشیر احمد بلور دوران علاج جاں بحق ہو گئے جس کے بعداس حملے میں جاں بحق ہو نے والے افراد کی تعداد8ہو گئی ہے۔ قصہ خوانی بازار کے قریب ڈھکی نعلبندی کے علاقے میں اے این پی کے اجلاس کے بعد بشیر بلور باہر آرہے تھے کہ خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑالیا جس کے نتیجے میں بشیر احمد بلور ان کے پرسنل سیکریٹری نور محمد بابو اور ایس ایچ او تھانہ کابلی عبد الستار سمیت 8 افراد جاں بحق ہوئے ۔ بشیر احمد بلورکوحملے کے بعد شدید زخمی حالت میں اسپتال لایا گیا جہاں انہیں آپریشن تھیٹر منتقل کیا گیا تاہم دوران علاج ہی وہ جاں بحق ہو گئے ، ان کے سینے اور سر پر شدید چوٹیں آئیں ، دہشت گردی کیخلاف جدوجہد کرنے والے بشیر احمد بلور خود بھی دہشت گردی کا نشانہ بن گئے۔ سینئر وزیر خیبرپختونخوا بشیر بلور کی شہادت کی اطلاع آتے ہی اسپتال میں موجود اے این پی کے کارکنوں میں غم کی لہر دوڑ گئی اور کارکنان دھاڑیں مار مار کر رونے لگے۔ڈھکی نعلبندی میں خود کش حملے میں 18 افرادبھی زخمی ہوئے ہیں جن میں کئی کی حالت تشویشناک ہے اور اسپتال کا عملہ ان کی جان بچانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

Wednesday 19 December 2012

سپریم کورٹ: سی این جی معاملہ ، آج ہی کوئی حکم جاری کرینگے، جسٹس جواد

اسلام آباد … جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا ہے کہ 5 سال ہو گئے مگر سی این جی مالکان نے شرائط پوری نہیں کیں، آج کوئی حکم جاری کیا جائے گا۔ جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں سپریم کور ٹ کا 2 رکنی بینچ سی این جی کی قیمتوں سے متعلق کیس کی سماعت کر رہا ہے ۔ سیکریٹری پیٹرولیم نے عدالت کو بتایا کہ ای سی سی کے اجلاس میں وزیر قانون کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی ہے اور حکومت کو بھی قیمتوں پر تشویش ہے۔ سی این جی ایسوسی ایشن سندھ کے وکیل وسیم سجاد نے کہا کہ اوگرا کو حکم دیا جائے کہ وہ سی این جی کی مناسب قیمت کا تعین کرے۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا کہ عدالت نے سی این جی سے متعلق کوئی حکم امتناعی جاری نہیں کیا، اوگرا کو کہا ہے کہ وہ اپنا کام کرے، عدالت اس کے کام میں مداخلت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں سی این جی کے معاملے پر بحث چھڑ گئی اور بیان بازی جاری ہے ، عدالت کسی بیان سے متاثر ہو کر کوئی فیصلہ نہیں کرے گی بلکہ حقائق کو سامنے رکھ کر فیصلہ کیا جائے گا۔اس موقع پر سیکریٹری پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ سی این جی کی قیمتوں کے بارے میں ہمیں بھی تشویش ہے، ای سی سی اجلاس میں وزیر قانون کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔

پشاور : گزشتہ روز فائرنگ سے زخمی پولیو ورکر دم توڑ گیا

پشاور … پشاور میں گزشتہ روز فائرنگ سے زخمی ہونے والا پولیو ورکر لیڈی ریڈنگ اسپتال میں دم توڑ گیا۔ لیڈی ریڈنگ اسپتال کے نیورو سرجن ڈاکٹر گوہر نے زخمی پولیو ورکر ہلال کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ زخمی ہلال کو بچانے کی ہرممکن کوشش کی گئی، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا اور آج چل بسا۔ گزشتہ روز علاقہ داوٴد زئی میں انسداد پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیم پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ہلال شدید زخمی ہوا تھا۔ پولیس کے مطابق ہلال کو سرمیں گولی لگی تھی، زخمی ہلال کو لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور منتقل کیا گیا جہاں ان کا ہنگامی بنیادوں پر آپریشن کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔ گزشتہ دو روز میں پشاور میں پولیو ٹیموں پر فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے ٹیم ورکرز کی تعداد 2 ہوگئی ہے۔

گلگت میں حالات معمول پر آنا شروع، پک اپ چلانے پر پابندی ختم

گلگت … گلگت میں 2 روز سے جاری کشیدگی کے بعد حالات معمول پر آنا شروع ہوگئے ہیں، کاروباری مراکز اور بازار کھل رہے ہیں جبکہ پک اپ چلانے پر عائد پابندی ہٹالی گئی ہے۔ گلگت میں امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث تیسرے روز بھی موٹر سائیکل چلانے پر پابندی ہے جبکہ پک اپ چلانے پر پابندی ہٹا دی گئی ہے۔ شاہراہ قراقرم کا گلگت راولپنڈی سیکشن ہر قسم کی ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے اور حالات معمول پر آنا شروع ہوگئے ہیں۔ گلگت میں 3روز قبل فائرنگ کے واقعات میں 2 افراد ہلاک اور 4زخمی ہوگئے تھے، جس کے بعد شہر کی صورتحال کشیدہ تھی ۔

شام میں گذشتہ تین ہفتوں میں 10 ہزار دہشت گرد ہلاک, شامی ذرائع

شامی ذرائع کے مطابق گذشتہ تین ہفتوں میں شام میں دس ہزار مسلح دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں جن میں آدھے دہشت گردغیر شامی ہیں جن میں القاعدہ کے دہشت گرد بھی شامل ہیں۔

پیام ٹی وی ون کی اطلاعات کے مطابق شامی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ تین ہفتوں میں شام میں دس ہزار مسلح دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں جن میں آدھے غیر شامی دہشت گرد شامل ہیں۔ شامی ذرائع کے مطابق حالیہ چند دنوں میں شام میں مسلح دہشت گردوں کو سخت جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
الجزيرہ، العربیہ، بی بی سی، ترک ذرائع ابلاغ، امریکی و صہیونی ذرائع ابلاغ سبھی شام میں مسلح دہشت گردوں کی بھر پور حمایت کررہے ہیں لیکن ان کی حمایت کے باوجود گذشتہ تین ہفتوں میں دہشت گردوں کو شدید جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے اور ان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں ہتھیار بھی برآمد ہوئے ہیں۔شامی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں سعودی عرب، ترکی، قطری، افغانی، لیبیائی دہشت گرد شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق 20 ہزار دہشت گرد زخمی بھی ہوئے ہیں دہشت گردوں میں القاعدہ کے دہشت گرد بھی شامل ہیں۔