Thursday 22 November 2012

ڈی ایٹ کانفرنس اہم سنگ میل ثابت ہوگی،صدر زرداری

اسلام آباد…صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان میں ڈی ایٹ کانفرنس کا انعقاد اعزاز ہے، ڈی ایٹ کانفرنس اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔وہ ڈی ایٹ کے چےئرمین کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سربراہ کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ صدر پاکستان نے کہا کہ ہمیں لازمی طورپرخودمختارہوناہوگا، ہمیں معاشی ترقی کی طرف توجہ رکھنی ہوگی، ڈی ایٹ صرف 8 ممالک نہیں بلکہ آٹھ جمہوریتیں ہیں، آج 8جمہوری ریاستیں ایک جگہ ہیں،ڈی ایٹ ممالک کے تجارتی اور ترقیاتی بینک بھی قائم ہونے چاہئیں، ڈی ایٹ ممالک کو اشیا، افراد اور سرمائے کی آزادانہ ترسیل کی ضرورت ہے۔ صدر زرداری نے کہا کہ مصرمیں جمہوریت مضبوط ہوئی ہے، ڈی ایٹ میں اتنی صلاحیت ہے کہ وہ اپنے ایجنڈے پرکام کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان امن عمل کی حمایت کرتا رہے گا، پاکستانی معیشت کو ترقی کرنی چاہیے، فلسطین پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہیں، بنگلا دیش کے ساتھ ہمارے تعلقات غیر معمولی ہیں،نجی شعبے کوآگے بڑھانے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ اپنے اقدار اور پیغمبر اسلام کے مذہب کے لیے لڑتے رہیں گے،اسلام کوہائی جیک کرنے کی اجازت نہیں دیں گے،ہم افغان امن ومفاہمت کے روڈ میپ کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ہر دن دہشت گردوں سے لڑرہے ہیں، ملالہ یوسف زئی نے دہشت گردوں کوشکست دی، ملالہ یوسف زئی ہر بچی کی تعلیم کے حق کے لیے کھڑی ہوئی، دہشت گردوں کو مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، جمہوریت ہماری رگوں میں ہے،میری شریک حیات کودہشت گردوں نے شہیدکیا، ہم اپنی اقداراوراپنے عظیم دین کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔

امریکا طاقتور نہیں، ہماری کمزوری ہمارا نفاق ہے،احمد ی نژاد

اسلام آباد. .. . ایران کے صدر احمدی نژاد نے کہا ہے کہ امریکا طاقتور نہیں، ہماری کمزوری ہمارا نفاق ہے۔ پاکستان، افغانستان، ایران اکٹھے ہوں تو کوئی قوت ہمارا مقابلہ نہیں کرسکتی۔اسلام آباد میں پاکستانی دانشوروں اور سیاستدانوں سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا کہ پاکستان میں آکر ایسا محسوس کررہا ہوں جیسے ایران میں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم متحد اور یکجا ہوکر اپنی مشکلات پر قابو پالیں گے۔ پاکستان کو ایرانی حالات کی فکر ہے اور ہمیں یہاں کی۔اسلام آباد سے تعلقات کو آخری حد تک لے جاوٴں گا۔

عاشورہ پر سیکیورٹی کی ذمہ داری فوج کو سونپی جائے ،شیعہ علماء کونسل

اسلام آباد…شیعہ علماء کونسل پاکستان نے کہا ہے کہ حکومت محرم الحرام میں عزاداروں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو گئی ہے، عاشورہ پر سیکیورٹی کی ذمہ داری فوج کو سونپی جائے ، کل نماز جمعہ کے بعد ملک گیر احتجاج کیا جائے گا ۔اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شعیہ علماء کونسل پاکستان کے سیکریٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا حکومت کہتی ہے کہ عدالت دہشت گردوں کو رہا کر دیتی ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ حکومت انتہائی کمزور کیس عدالت میں پیش کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر زرداری کی میز پر سزا یافتہ مجرموں کی فائلیں پڑی ہیں جن پر فیصلہ نہیں ہو رہا۔ علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ چیف جسٹس دہشت گردی کے واقعات کا نوٹس لیں، ملک سے دہشت گردی اس وقت تک ختم نہیں ہو گی جب تک دہشت گروں کو تختہ دار پر نہ لٹکایا جائے۔

پشاورمیں سرکاری اسکول کل سے تین دن کیلئے بندکردیئے گئے

پشاور…ضلعی انتظامیہ نے پشاور کے تمام سرکاری اسکول کل سے تین دنوں کے لئے بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ڈی سی او پشاور جاوید مروت نے نیوز کو بتایا کہ سرکاری اسکولوں کی بندش کا فیصلہ سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ تمام سرکاری تعلیمی ادارے کل سے اتوار تک بند رہیں گے۔ دوسری طرف پشاور یونی ورسٹی بھی کل سے بند رہے گی۔ یونی ورسٹی ترجمان کے مطابق تین دن چھٹیوں کے بعد پشاور یونی ورسٹی پیر کو کھلے گی۔

اورنگی ٹاوٴن دھماکے، ٹائمنگ تبدیل ہونے سے بڑی تباہی نہ ہوسکی

کراچی…ایس پی، سی آئی ڈی مظہر مشوانی کا کہناہے کہ ،خوش قسمتی سے اورنگی ٹاوٴن میں ہونے والے بم دھماکوں کی ٹائمنگ تبدیل ہونے سے بڑی تباہی نہ ہوسکی۔ ایس پی ، سی آئی ڈی مظہر مشوانی کا کہنا تھا کہ ،اورنگی ٹاوٴن میں ہونے والے دھماکے ، عباس ٹاوٴن دھماکے سے مماثلت رکھتے ہیں،دونوں دھماکے پلانٹڈ تھے، خودکش نہیں۔اورنگی ٹاوٴن دھماکے کے نتیجے میں ملنے والی لاش کے ٹکڑے، خودکش حملہ آور نہیں بلکہ وہاں موجود پنکچر کی دکان پر کام کرنے والے شخص کے تھے۔ مظہر مشوانی نے کہا کہ ماضی میں بھی کراچی میں اس نوعیت کے دھماکے ہوئے ہیں، جن میں بڑا دھماکہ بعد میں ہونے سے بہت جانی نقصان ہوا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ، تحقیقاتی ادارے دہشت گردوں کو ٹریس کرچکے ہیں ، اور ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔دوسری جانب آج قصبہ کالونی کے علاقے میں امام بارگاہ کے عقب میں واقع گراوٴنڈ میں زیر تعمیر کمرے سے بم برآمد ہوا، جسے بعد ازاں، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنادیا۔اس موقعے پر پولیس اور رینجرز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر زیر تعمیر کمرے میں موجود مزدور کو حراست میں لے لیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ بم ریموٹ کنٹرول تھا۔ اور اس میں ڈیٹونیٹر ، بیٹری اور تاریں لگی ہوئی تھیں۔ دوسری جانب سے رینجرز حکام کے مطابق ، اورنگی ٹاوٴن، گلشن اقبال اور ملیر گوٹھ میں رینجرز کی جانب سے ٹارگٹڈ کارروائیاں کی گئی ہیں جن میں پانچ ملزمان گرفتار کرکے ان کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، اور اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔ رینجرز حکام کے مطابق، اِن ملزمان کااورنگی ٹاوٴن اور عباس ٹاوٴن میں ہونے والے بم دھماکوں میں ملوث ہونے کا شبہ ہے۔

پشاور میں جی ٹی روڈ پر دو بم ناکارہ بنا دیئے گئے

پشاور…پشاور میں جی ٹی روڈ پر گل بہار پولیس اسٹیشن کے قریب سے دو بموں کو ناکارہ بنا دیا گیا۔ پولیس کے مطابق جی ٹی روڈ پر گل بہار پولیس اسٹیشن کے قریب نو تعمیر شدہ فلائی اور کے نیچے دو بم نصب کئے گئے تھے۔ پولیس کے مطابق بموں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر بم ڈسپوزل یونٹ کے اہل کار وں کو طلب کیا گیا۔ جنہوں نے بموں کو دھماکے سے اڑا کر ناکارہ بنادیا۔ بم ڈسپوزل یونٹ کے اہل کار وں کے مطابق دونوں بموں کا مجموعی وزن تین سے چار کلوگرام تھا۔

Saturday 17 November 2012

غزہ پر حملے کے بعد پہلی مرتبہ تل ابیب اور قدسی سٹی کے لوگوں کو سائرن سنائی دیے

اسرئیلی قبضے کے بعد تقریبا چھتالیس سال کا عرصہ ہوا ہے کہ کبھی بھی تل ابیب اور مقبوضہ علاقے قدس سٹی کے لوگوں کو کبھی بھی کسی جنگ میں بینکروں میں چھپنا نہیں پڑا اور نہ ہی کبھی انہوں نے خطرے کے سائرن سنے لیکن اسرائیل کی جانب سے غزہ پر حملے کے بعد پہلی مرتبہ تل ابیب اور قدسی سٹی کے لوگوں کو سائرن سنائی دیے اور اس کے بعد انہوں نے زوردار دھماکے سنے کچھ ہی دیر میں خوف کے سبب چہخ و پکار سنائی دینے لگی غزہ کے مجاہدین کی جانب سے فائر کئے گئے راکٹ نے آبادی کے کسی حصے کو نشانہ نہیں بنایا تھا اور نہ ہی یہ راکٹ کسی ایسی جگہ گرے تھے جہاں بڑی تباہی ہولیکن آرام طلب اور بے جا اعتماد و اطمنان کے عادی کئے گئے اسرائیل عوام معمولی سی بھی تکلیف کو برداشت نہ کر سکےاگرچہ بعد میں گرایے جانے والے راکٹوں سے غزہ کے قریب ترین علاقوں میں اچھی تباہی پھیلائی اور اسرائیلوں کو سبق سکھا دیا ۔
فجر پانچ نامی یہ راکٹ ایرانی ساخت کے ہیں جو پچھتر کلومیٹر تک فائر ہوسکتے ہیں جبکہ ان کا وزن نو سو پندہ کلوگرام ہے جبکہ نوے کلوگرام بارود یہ دھماکہ خیز مواد اپنے اندر رکھتا ہے ان اعداد و شمار کو امریکی ایک ادارے نے جاری کئے ہیں لیکن کہا جاتا ہے کہ ایران نے فجر پانچ کر علاوہ بھی کچھ ٹیکٹکی راکٹ بھی ،اینٹی ائر گرافٹ،اور لینس دیے ہیں
جبکہ اس سے قبل حماس کے دفاعی ونگ ،عزالدین قسام برگیڈ کے پاس جو راکٹ تھے وہ راکٹ صرف پندرہ کلومیٹر تک مار کر سکتے تھے
کہا جاتا ہے کہ ایران نے ایسے سینکڑوں راکٹ شام کے توسط سے غزہ کی مظلوم عوام کے دفاع کے لئے پہنچائے ہیں

اسرائیلی وحشیانہ حملے جاری، 4 روز میں 33 فلسطینی شہید

غزہ: مقبوضہ غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں میں مزید چھ فلسطینی شہید، چار دنوں میں ہونے والی شہادتوں کی تعداد تینتیس ہوگئی۔ اسرائیل نے کارروائیوں میں مزید شدت لانے کا فیصلہ کر لیا، کابینہ نے پچھتہر ہزار فوجی بھرتی کرنے کی منظوری دے دی۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کشیدہ صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے جلد غزہ کا دورہ کریں گے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مقبوضہ غزہ کی وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا ہے کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے مغازی، ڈھیر البلاح میں دو گاڑیوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں چھ بے گناہ فلسطینی شہید اور چار زخمی ہوگئے۔ تمام شہداء کی میتوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق شہید ہونے والوں میں حماس کی مسلح ونگ عزا دین القاسم بریگیڈئر کے فیلڈ کمانڈر احمد ابو جلال بھی شامل ہیں۔ چار روز سے جاری اسرائیلی فضائی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد تینتیس ہوگئی ہے جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں جبکہ اسرائیل نے فضائی حملوں کے بعد اب غزہ پر بڑے پیمانے پر زمینی حملے کرنے اور کارروائیوں میں شدت لانے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس سلسلہ میں پچھتہر ہزار ریزرو فوجیوں کو تیار رہنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ اسرائیلی میڈیا رپورٹ کے مطابق کابینہ نے پچھہتر ہزار ریزرو فوجیوں کو بھرتی کرنے کی منظوری بھی دے دی ہے اور حکومت کا موقف ہے کہ یہ فیصلہ حماس کی جانب سے یروشلم پر راکٹ حملوں میں اضافے کے بعد کیا گیا ہے اس سلسلہ میں اسرائیل نے غزہ کے اطراف کی تمام مرکزی شاہراہیں بند کردی ہیں۔ فوجی آپریشن تیز کرنے کے لیے زمینی فوجی دستے، ٹینکوں اور بکتر بند گاڑیوں کو الرٹ کر دیا ہے۔ امریکی صدرباراک اوباما نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے بجائے اسرائیل کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔ ادھر عرب رہنما اور اقوام متحدہ اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے سرگرم ہوگئے ہیں۔ سیکریٹری جنرل بان کی مون نے ایک بیان میں حماس اور اسرائیل سے خطے امن قائم رکھنے کی اپیل کی اور جلد ہی غزہ کا دورہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ادھر مصر کے وزیر اعظم نے دونوں فریقین نے جنگ بندی کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ملک غزہ پر اسرائیلی جارحیت روکنے کے لئے اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ دورہ غزہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مصر کے وزیر اعظم نے کہا کہ مصر ، فلسطینیوں کے خلاف جارحیت روکنے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا اور اس کی یہ کوشش ہوگی کہ جنگ بندی کا معاہدہ روبہ عمل رہے تاکہ ایک ایسی فلسطینی ریاست کا قیام ممکن ہو سکے، جس کا دارالحکومت یروشلم ہو۔ خطے میں امن کے استحکام کا یہ واحد راستہ ہے جبکہ فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کا مقصد فلسطینی ریاست کی خود مختاری کو ختم کرنا ہے۔ رام اللہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمود عباس نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے۔ جس کا مقصد فلسطین کو اقوم متحدہ کے ساتھ امن کی کوششوں سے دور رکھنا ہے۔ محمود عباس نے کہا کہ اسرائیل نے فلسطینی عوام  اور قومی ایجنڈے کو کمزور کرنے کا منصوبہ بنا رکھا ہے۔
مقبوضہ بیت المقدس . . .. .اسرائیل نے غزہ پر زمینی حملے کی تیاریاں شروع کر دیں۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی کابینہ نے75ہزارریزرو فوجیوں کو بھرتی کرنے کی منظوری دے دی۔اسرائیل ان فوجیوں کو غزہ میں کسی بھی ممکنہ زمینی کارروائی میں استعمال کرسکتا ہے،جو پہلے ہی غزہ پر فضائی حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔گزشتہ روز اسرائیلی طیاروں کی غز ہ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بمباری سے خواتین اوربچوں سمیت 7 فلسطینی جاں بحق ہوئے تھے۔اسرائیل نے غزہ کیاطراف تمام مرکزی شاہراہیں بند کردی ہیں۔غزہ میں فوجی آپریشن تیز کرنے کے لیے اسرائیل نے زمینی فوجی دستے ، ٹینکوں اور بکتر بند گاڑیوں کو الرٹ کردیا ہے۔فلسطینی صدر محمود عباس نے عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل کو غزہ کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے جبکہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے جلد غزہ کا دورہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

Friday 16 November 2012

ججوں نے ڈر کے مارے دہشتگرد رہا کردیئے

وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ حکومت نے سینکڑوں دہشت گرد گرفتار کیے لیکن ججوں نے اپنے اہل خانہ کو لاحق خطرات کی وجہ سے تین ماہ کے اندر سب کو رہا کر دیا۔ یہ بات انہوں نے چودہ نومبر کو کراچی میں امن و امان کے بارے میں کابینہ کو بریفنگ کے دوران بتائی۔ ان کے بقول کراچی اور کوئٹہ میں قتل کی وارداتوں میں کالعدم لشکر جھنگوی ملوث ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے نے اپنے ذرائع کے حوالے سے دعوی کیا ہے کہ وزیر  داخلہ نے کابینہ کو بتایا کہ انہوں نے پنجاب کے وزیراعلی کو خط لکھا تھا کہ انتہائی مطلوب دہشتگرد ملک اسحق کو گرفتار کیا جائے مگر انہوں نے اسے ایک معمولی کیس میں گرفتار کیا اور پھر ان کی ضمانت ہوگئی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے زور دے کر کہا کہ لاقانونیت کی سب سے بڑی وجہ دہشتگرد تنظیموں کو کچھ اہم شخصیات کی پشت پناہی حاصل ہونا ہے۔ ان کے بقول محرم کے دوران کراچی میں قتل کی وارداتیں بڑھنے کا خدشہ ہے۔  سرکاری ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ کابینہ کے اجلاس میں ملک بھر بالخصوص کراچی میں قتل عام پر دو گھنٹے سے زائد دیر تک گرما گرم بحث ہوئی۔ جس میں وزیر قانون فاروق نائیک سمیت کئی وفاقی وزرا وزیر داخلہ پر برس پڑے۔ فاروق نائیک نے وزیر داخلہ سے تین سوال کیے کہ ٹارگٹ کلنگ کا ذمہ دار کون ہے؟ انہیں گرفتار کیوں نہیں کیا جاتا؟ کراچی کا امن بحال کرنے اور ٹارگٹ کلنگ بند کرنے کا طریقہ کیا ہے؟۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بعض وزرا نے وزیراعظم پر زور دیا کہ وہ خود یا صدرِ پاکستان کراچی کی صورتحال پر اجلاس بلائیں اور اس میں متحدہ قومی موومنٹ، عوامی نیشنل پارٹی، اور جماعت اسلامی کو بھی مدعو کریں۔ کچھ وزرا نے کہا کہ سندھ میں لاقانونیت انٹیلی جنس ایجنسیوں کی ناکامی ہے۔ کابینہ میں یہ تجویز بھی دی گئی کہ ایک وزارتی کمیٹی بنائی جائے جو انسداد دہشتگردی کے قوانین، خصوصی عدالتوں اور ان کے اختیارات اور فوری سماعت کے بارے میں قانون سازی کی سفارشات مرتب کرے۔ لیکن اس بارے میں کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا۔ وفاقی کابینہ میں بلوچستان کی صورتحال پر بعض وزرا نے بات کی اور وزیراعظم کو مشورہ دیا کہ ملک کی اعلی قیادت کو کور کمانڈر کوئٹہ، بلوچستان کی صوبائی قیادت اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سربراہوں کو بلا کر فوری طور پر معاملہ حل کرنا چاہیے۔

Thursday 15 November 2012

محرم کا چاند نظر آگیا، اسلامی سال کل شروع ہوگا

اسلامی کیلنڈر کے پہلے مہینے محرم کا آغار ہوگیا ہے، چاند نظر آنے کے بعد اسلامی ہجری کیلنڈر کے سال 1434 کا پہلا دن 16نومبر 2012 ہوگا۔ یکم محرم خلیفہ دوم حضرت عمر کا یوم شہادت ہے جبکہ دس محرم کو اسلامی دنیا میں حضرت محمدۖ  کے نواسے حضرت حسین کا یوم شہادت یاد رکھا جاتا ہے اور ان عظیم ہستیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔

محرم الحرام کا چاند نظر آگیا، یوم عاشور 25 نومبر بروز اتوار ہوگا

اسلام آباد … محرم الحرام کا چاند نظر آگیا، یکم محرم جمعہ 16 اکتوبر جبکہ یوم عاشورہ 25 نومبر بروز اتوار ہوگا۔ رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت ہوا۔ چاند نظر آنے کی شہادت میر پور آزاد کشمیر سے موصول ہوئی ۔

Wednesday 14 November 2012

کراچی کے خراب حالات ریاست کی ناکامی نہیں ،صدرزرداری

منڈی بہاالدین …صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ کراچی کے خراب حالات ریاست کی ناکامی نہیں ہے،کراچی میں حالات خراب کرنادہشت گردوں کی حکمت عملی کاحصہ ہے،تاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کوکمزور کیا جاسکے۔ منڈی بہا الدین کے علاقے ملک وال میں عیدملن پارٹی کے موقع پرجلسے سے خطاب کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ دہشت گردکراچی میں حالات خراب کرکے ہمیں الجھاناچاہتے ہیں،کراچی میں ملک دشمن عناصرانتشارپھیلارہے ہیں۔اِس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ انتخابات اپنے وقت پرہوں گے،انتخابات صاف اورشفاف ہونگے،ووٹرفہرستیں ایسی بنائی ہیں کہ کوئی دھاندلی نہ ہوسکے،۔انہوں نے کہاکہ ہرجگہ سے طاقت لاکرپاکستان کومستحکم کرناچاہتے ہیں،ملک5سال کی فلاسفی پرنہیں چل سکتے،اس سے آگے بڑھناہوگا،ہم چاہتے ہیں ساری سیاسی قوتیں مل کرپاکستان کی خدمت کریں،ہمارے مخالفین بھی مانتے ہیں کہ ہمارے ہوتے ہوئے پارلیمنٹ مدت مکمل کررہی ہے،ہم نے کسی ایک جماعت کیلئے نہیں ہمیشہ پاکستان کیلئے کام کیا،ملک آگے بڑھے گاتوہم سب بڑھیں گے ورنہ ہم سب ڈوب جائیں گے۔صدر کا یہ بھی کہنا تھاکہ انہوں نے اپنی جوانی کے دن پنجاب کی جیلوں میں گزارے،لڑنے والانہیں دردسہنے والابہادرہوتاہے،عوام سے بڑی طاقت کسی کی نہیں ہے،پاکستان کوایسامہذب ملک بنائیں گے کہ دنیاکاہم پرسے شک ختم ہوجائیگا،آج جوکام کررہے ہیں وہ آیندہ نسلوں کیلئے کررہے ہیں،ملک اورعوام کوضرورت پڑی تواپنے پیٹ پرپتھرباندھیں گے۔

اہرسے آنے والی کالز پراضافی ٹیکس نہ لینے کے حکم میں توسیع

لاہور…لاہورہائی کورٹ نے بیرون ملک سے پاکستان کی جانے والی ٹیلی فون کالز پراضافی ٹیکس کی وصولی روکنے کے عبوری حکم میں 30نومبرتک توسیع کردی،عدالت نے اس کیس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کوبھی فریق بننے کی اجازت دیدی ،بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے نمائندے سعد سلیم کی جانب سے عدالت کوبتایاگیاکہ پاکستان کی جانیوالی کالز پر اضافی ٹیکس لاگوکرنے سے پاکستانیوں کومشکلات کاسامناہے،لہذاعدالت اضافی ٹیکس کوکالعدم قراردے۔عدالت نے فریق بننے کی درخواست منظور کرتے ہوئے اضافی ٹیکس کی وصولی روکنے کے عبوری حکم میں توسیع کردی ،ایک کمپنی نے بیرون ملک سے آنیوالی کالز پر اضافی ٹیکس کوچیلنج کررکھاہے۔

آئی ایس آئی سے پیسے لینے والوں کو سیاست سے روکاجائے،عمران خان

اسلام آباد…چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ آئی ایس آئی سے مبینہ طور پر پیسے لینے والے سیاست دانوں کو سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے روکا جائے۔ اصغر خان کیس سے متعلق نیوز کانفرنس میں عمران خان کا ہدف ایک بار پھر مسلم لیگ ن تھی۔انہوں نے نواز شریف سمیت تمام متعلقہ سیاست دانوں کو الزامات سے بری ہونے تک سیاست سے دور رہنے کا مشورہ دیا۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ایف آئی اے نے ابھی تک اصغر خان کیس کی انکوائری شروع نہیں کی جس کی وجہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن میں مک مکا ہے۔عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف پر آئی ایس آئی سے مدد لینے کا صرف الزام ہے جب کہ مسلم لیگ ن پر یہ الزام ثابت ہو چکا ہے۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت کے صدر جاوید ہاشمی پر 1990ء کے الیکشن میں آئی ایس آئی سے پیسے لینے کا الزام نہیں۔جاوید ہاشمی اس الزام کو غلط ثابت کر کے انتخابات میں حصہ لیں گے۔

Sunday 11 November 2012

کوئٹہ :ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کاٹارگٹ کلنگ کے خلاف مظاہرہ

کوئٹہ …کوئٹہ میں ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے زیراہتمام ہزارہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور مظاہرین نے ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے کی قیادت ایچ ڈی پی کے مرکزی نائب چیئرمین مرزا حسین ہزارہ نے کی مظاہرے میں پارٹی کے کارکنان شریک تھے،شرکا نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور ہزارہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ اور صوبائی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی، اس موقع پر پارٹی کے رہنماوں نے کہا کہ شہر میں روزانہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات ہورہے ہیں اور ان واقعات میں ہزارہ برادری کے افراد کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں انہوں نے کہاکہ حکومت ٹارگٹ کلنگ کی روک تھام میں یکسر ناکام ہوگئی ہے اور موجودہ حکمرانوں کو بدامنی کے واقعات کی روک تھام میں ناکامی پر حکومت میں رہنے کا کوئی جواز نہیں ہے بلکہ فوری مستعفی ہوجائے۔ انہوں نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ٹارگٹ کلنگ کی روک تھا م میں موثر کارروائی کرے۔

ماہ محرم کو پر امن بنانے کے لئے سیکورٹی کے فول پروف اور سخت انتظامات نا گزیر ہو گئے ہیں

ایبٹ آباد : محرم الحرام کے دوران ہزارہ ڈویژن کے تمام اضلاع میں سخت سیکورٹی انتظامات کے ذریعے شر پسند وں اور دھشت گردوں کا راستہ روک کر ماہ محرم کو پر امن بنانے اور عاشورہ کے تمام پروگراموں کو محفوظ بنانے کے اقدامات پر غور کے لئے انتظامیہ ، پولیس اور خفیہ اداروں کا ایک اعلی سطحی اور غیر معمولی اجلاس آج یہاں کمشنر ہزارہ ڈویژن محمد خالد خان عمر زئی کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس کے دوران پورے ہزارہ ڈویژن اور خصوصاً ہری پور ،ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں محرم الحرام کے دوران سیکورٹی انتظامات، مختلف مسالک کے معتقدین کے مابین تعلقات اور محرم کو پر امن رکھنے کے لئے انتظامیہ و پولیس کی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس سلسلے میں انتظامیہ ،حساس اداروں اور پولیس کے درمیان موئثر اور مسلسل رابطے اور اطلاعات کے تبادلہ پر اتفاق کرتے ہوئے بعض اہم فیصلے کئے گئے ۔اجلاس میں ڈی آئی جی پولیس ہزارہ ڈویژن ڈاکٹرمحمد نعیم خان، ہری پور ، ایبٹ آباد اور مانسہرہ کے ڈی سی او ، ڈی پی او ، اے سی او اور ٹی ایم او صاحبان، انٹیلی جنس و سیکورٹی اداروں کے افسران اور واپڈا کے ریجنل سربراہ نے شرکت کی۔ کمشنر ہزارہ نے اجلاس کو انتظامیہ کے سیکورٹی پلان کی اہمیت اور تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ ملک بھر میں بعض تنظیموں نے اپنی سرگرمیاں تیز کر رکھی ہیں جبکہ کراچی کے حالات کے تناظر میں بھی سیکورٹی کے فول پروف اور سخت انتظامات نا گزیر ہو گئے ہیں اور اس صورتحال کے باعث آئندہ محرم ماضی سے مختلف اور زیادہ مشکل ہونے کا امکان ہے۔انہوں محرم کے حوالے سے ہر ی پور ،مانسہرہ اور ایبٹ آباد کے اضلاع کو زیادہ حساس قرار دیتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ تمام سیکورٹی و خفیہ ایجنسیوں ، انتظامیہ اور پولیس کو سیکورٹی کے حوالے سے اطلاعات کا آپس میں تبادلہ کر کے ملک دشمن اور سماج شمن عناصر کی کارروائیوں کے خلاف جامع حکمت عملی اختیار کرنی چائیے۔انہو ں نے کہا کہ ہزارہ کے موجودہ ڈی آئی جی اور اضلاع کی سطح پر ان کی ٹیمیں یہاں کے حالات سے بخوبی واقف ہیں اور وہ محرم کے دوران امن و امان ہر حال میں بر قرار رکھنے کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ خفیہ اداروں ، پولیس اور انتظامیہ کا مشترکہ اجلاس اس لئے بلایا گیا کہ سیکورٹی انتخابات میں کسی بھی سطح پر کوئی کمی یا خامی ہو تو اسے دور کیا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع ہری پور میں محرم کے 71 ، ایبٹ آباد میں چھ او ر مانسہرہ میں 10 پروگرام منعقد کئے جاتے ہیں جن کے لئے فول پروف سیکورٹی انتظامات اور سہولیات فراہم کرنا ہوں گی۔خالد خان عمر زئی نے بتایا کہ اس سلسلے میں تینوں اضلاع میں جامع حفاظتی پلان مرتب کر لیا گیا ہے جبکہ تمام مسالک کے علماء ، تاجر تنظیموں اور انتظامیہ پر مشتمل امن کمیٹیاں بھی اپنے اپنے اضلاع میں احسن طریقے سے کام کر رہی ہیں۔عز اداروں کے جلوسوں کے راستوں پرپینے کے پانی، صفائی ،روشنی ، فائر فائیٹنگ ، میڈیکل کور، سول ڈیفنس اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔واپڈا حکام عشرہ محرم کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائیں گے جبکہ ٹی ایم ایز جنریٹرز وغیرہ کی صورت میں بجلی کا متبادل انتظام بھی کریں گے جس کے لئے ضروری وسائل فراہم کر دئیے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کی سطح پرکنٹرول روم قائم کئے جائیں گے ، ہسپتالوں اور پولیس کو محرم کے دوران الرٹ رکھا جائے گا، طبی عملے، پولیس ، انتظامیہ اور محکمہ مال کے افسران و متعلقہ اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی جائیں گی ۔انہو ں نے بتایا کہ جلوسوں کے تمام روٹس کی سکینگ بھی کی جائے گی جبکہ دھشت گردی اور اشتعال انگیزی کی روک تھام کے دیگر اقدامات کے تحت عشرہ محرم کے دوران افغان مہاجرین کی نقل و حرکت ، وال چاکنگ ، آذان کے سوا لاؤڈ سپیکر کے استعمال، موٹرسائیکل پر ڈبل سواری ، ہوائی فائرنگ ، اسلحہ کی نمائش اور اشتعال انگیز تقاریر پر ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 کے تحت مکمل پابندی ہو گی۔ ڈی آئی جی ڈاکٹر نعیم خان نے اجلاس کو پولیس کی حکمت عملی سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور خفیہ اداروں کی نشاندہی پر جہاں پر بھی امن و امان کے لئے معمولی خطرہ بھی محسوس کیا گیا وہاں پولیس نفری تعینات کر دی جائے گی۔جلوسوں کے روٹس پر واقع مساجد کے لاؤڈسپیکر صرف آذان کے لئے استعمال کرنے کی اجازت ہو گی۔محرم کے پروگراموں کے مقامات پر مکمل سکیننگ ہو گی اور گٹرزاور نالیوں کو بھی چیک کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی پروگرام کے منتظم سے اس امر کی تحریری ضمانت لی جائے گی کہ وہ پروگرام کے دوران کسی قسم کی اشتعال انگیزی یا بد امنی کا وہ خود ذمہ دار ہو گا اور ایسی صورت میں دھشت گردی ایکٹ کے تحت منتظم کے خلاف براہ راست مقدمہ درج کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ طلباء کے ہاسٹلوں میں مذہبی تنظیموں کی سرگرمیوں کا بھی نوٹس لیا جائے گا اور بیرونی اضلاع کے طلباء کو عشرہ محرم کے دوران ہاسٹلوں میں قیام کی اجازت نہیں ہوگی۔