Friday 28 September 2012

کالعدم جماعت کے افراد جلائو گھیرائو کا پورا منصوبہ لے کر میدان میں اترے تھے: امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن


ایبٹ آباد ۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان اور مدرسہ رسول اعظم (ص) کے تحت بعد از نماز جمعہ مرکزی امامبارگاہ ایبٹ آباد سے پریس کلب تک لبیک یامحمد مصطفی مارچ کیا گیا۔ جسے کالعدم سپاہ صحابہ کے دہشت گردوں نے سپوتاژ کرنے کی بھرپور کوشش کی۔ اطلاعات کے مطابق کالعدم جماعت نے سوچی سمجھی سازش کے تحت آئی ایس او کے لبیک یامحمد مصطفی مارچ کو ناکام کرنے کی کوشش کی۔ جس روٹ اور وقت کا انتخاب امامیہ ریلی کے شرکاء نے کیا تھا اسی روٹ اور عین اسی وقت پر کالعدم جماعت کے چند غنڈے سپاہ صحابہ کے پرچم ہاتھوں میں لئے شیعہ کافر شیعہ کافر کے نعرے لگاتے ہوئے امامیہ ریلی کے روبرو آگئے۔ اس موقع پر علماء کرام نے معاملہ فہمی اور فراست کا ثبوت دیتے ہوئے کسی قسم کے ٹکرائو سے گریز کیا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق کالعدم جماعت کے افراد جلائو گھیرائو کا پورا منصوبہ لے کر میدان میں اترے تھے تاکہ امامیہ ریلی کو موردالزام ٹھہرایا جا سکے جسے علماء کرام کی قیادت میں امامیہ نوجوانوں نے ناکام بنا دیا۔

Friday 21 September 2012

توہین رسالت کو عالمی جرم قرار دیا جائے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے گستاخانہ فلم کی اشاعت کو ایک ناقابل معافی جرم قرار دیا ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ توہین رسالت کو عالمی سطح پر جرم قرار دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کیلئے توہین رسالت ناقابل قبول ہے، یہ آزادی رائے کا مسئلہ نہیں بلکہ فساد فی الارض کا مسئلہ ہے۔ اسلام آباد میں عشق رسول اللہ ۖ کانفرنس سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آزادی اظہار کا یہ مطلب نہیں کہ برگزیدہ ہستیوں کو نشانہ بنایا جائے  اور اسے شرپسند مقاصد کیلئے استعمال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا مذہبی شدت پسندی کے خطرے سے دوچار ہے اور شدت پسندی کی ایک وجہ دوسرے مذاہب کا احترام نہ ہونا بھی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ شر پسند عناصر نے کائنات کی سب سے عظیم ہستی کو نشانہ بنایا جسے دنیا کی کوئی طاقت نقصان نہیں پہنچا سکتی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہولوکاسٹ کا ذکر نہیں ہونے دیا جاتا مگر مسلمانوں کا احساس نہیں کیا جاتا۔ توہین رسالت کیخلاف پاکستان کا ردعمل اس کا حق ہے اور دنیا کے ہرمذہب، عقیدے اور مقدس ہستی کا احترام لازمی ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان واحد اسلامی ملک ہے جس نے سرکاری سطح پر احتجاج کیا، یہی نہیں بلکہ صدر زرداری اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں آواز اٹھائیں گے۔ وزیر اعظم نے متنبہ کیا کہ اس سلسلے کو نہ روکا گیا تو دنیا میں کسی ہستی کا احترام باقی نہیں رہیگا۔

گستاخانہ فلم کیخلاف احتجاج، مکمل شٹرڈان

پشاور: گستاخانہ فلم کے خلاف ملک بھر کے گلی کوچوں میں احتجاج جاری ہے۔ چھوٹے بڑے شہروں میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال اور ٹریفک کا پہیہ جام ہے جبکہ عشق مصطفی سے سرشار لوگ سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ امریکا میں بننے والی گستاخانہ فلم کے خلاف گزشتہ روز سے شروع ہونے والے احتجاجی مظاہرے اور ریلیوں کا سلسلہ آج صبح دوبارہ شروع ہوگیا اور پوری قوم متحد ہو کر نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی شان میں گستاخی کرنے والوں سے نفرت کا اظہار کر رہی ہے۔ اس موقعے پر سرکاری دفاتر، تعلیمی ادارے اور کاروباری مراکز بند رہیں گے۔ سیاسی جماعتوں، مذہبی اور سماجی تنظیموں کی جانب سے احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی جس میں توہین آمیز فلم پر عوام کی جانب سے احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا۔ یوم عشقِ رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے حوالے سے پٹرول پمپس، سی این جی اسٹیشنز، سینما اور تھیٹر ہالز بھی بند رہیں گے۔ آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن پنجاب نے صوبے بھر میں مکمل ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ ایئر پورٹس سمیت تمام سرکاری اور غیر سرکاری پمپس کو تیل کی سپلائی بند رہے گی۔ کوئٹہ اور کراچی کے درمیان بس سروس معطل رہے گی۔ سیکیورٹی خدشات کے بنا پر پشاور ناصر باغ سے گورنر ہاوس اور امریکن قونصلیٹ تک کے علاقے کو ریڈ زون قرار دیا گیا، اس علاقے میں اسلحہ اور ڈنڈے اٹھا کر چلنے پر ممانعت ہوگی۔ پاکستان کے دوسرے بڑے شہروں کی طرح اسلام آباد اور پشاور میں بھی امریکی سفارتخانے اور قونصل خانوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے جبکہ اسلام آباد میں ریڈ زون فوج کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد: گستاخانہ فلم کیخلاف احتجاج و جھڑپیں، 51 افراد زخمی، فوج طلب

اسلام آباد … گستاخانہ فلم کے خلاف وفاقی دارالحکومت کا ریڈ زون کئی گھنٹے میدان جنگ بنا رہا، جھڑپوں میں 46 پولیس اہلکار اور 5 مظاہرین زخمی ہو گئے جبکہ سفارتخانوں کی حفاظت کیلئے فوج طلب کرنا پڑگئی۔ رحمان ملک کا کہنا ہے کہ مظاہرین میں کالعدم تنظیموں کے لوگ شامل تھے، معاملے کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے گی۔ گستاخانہ فلم کے خلاف وفاقی حکومت نے جمعہ کو یوم عشق رسول منانے کا اعلان تو کیا لیکن اس سے ایک دن پہلے راولپنڈی سے طلبہ نے ریلی نکالی، مری روڈ پر ٹائر جلا کر سڑک بلاک کی اور احتجاج بھی کیا۔ پھر رخ کیا وفاقی دارالحکومت کا اور یہ ریلی بلا روک ٹوک اسلام آباد میں داخل ہو گئی۔ مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں کے کارکن اور مزید طلبا بھی اس ریلی میں شامل ہو تے گئے، ان سبھی مظاہرین کا ٹارگٹ تھا ڈپلومیٹک انکلیو، جہاں امریکا اور دیگر ممالک کے سفارتخانے موجود ہیں۔ اسلام آباد انتظامیہ نے انہیں روکنے کیلئے ریڈ زون کی شاہراہوں پر کنٹینرز اور دیگر رکاوٹیں کھڑی کر دیں۔ مظاہرین نے ان رکاوٹوں کو عبور کرکے ڈپلومیٹک انکلیو جانے کی کوشش کی تو پولیس کے ساتھ تصادم ہوگیا جس کے بعد پولیس نے مظاہرین پر آنسو گیس کی شدید شیلنگ کی اور بپھرے جلوس کے شرکاء نے جوابی پتھراوٴ کیا۔ پولیس نے مظاہرین پر ربر کی گولیاں بھی چلائیں اور کئی افراد کو حراست میں لے لیا۔ مشتعل مظاہرین نے پولیس اور رینجرز کی 2 چوکیاں اور 8 موٹر سائیکلیں نذر آتش کردیں جب کہ فائیو اسٹار ہوٹل میں کھڑی کئی گاڑیوں کو نقصان بھی پہنچایا۔ جھڑپوں کے دوران ایس ایچ او سمیت 46 پولیس اہلکار اور 5 مظاہرین بھی زخمی ہو گئے۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک اس ساری صورتحال کا ہیلے کاپٹرز کے ذریعے جائزہ بھی لیتے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مظاہرین میں کالعدم تنظیموں سپاہ صحابہ اور لشکر جھنگوی کے لوگ تھے، معاملے کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریڈ زون میں مظاہرہ کرنے والے افراد کی تعدد 18 سے 20 ہزار تھی جنہیں پنجاب سے لایا گیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کے کردار پر سیکریٹری داخلہ چیف سیکریٹری پنجاب سے بات کریں گے۔ مظاہرہ اتنا شدید تھا کہ سفارتخانوں کی حفاظت کیلئے فوج طلب کرنا پڑی جبکہ رینجرز کی نفری بھی تعینات کردی گئی۔ مغرب کے وقت مظاہرین منتشر ہو گئے اور پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ بند کر دی۔ اس کے علاوہ پارلیمنٹ ہاوٴس کے سامنے ڈی چوک پر بھی مختلف مذہبی جماعتوں نے پر امن احتجاجی مظاہرہ کیا۔

پشاور:مظاہرے کے دوران فائرنگ سے نجی چینل کا کیمرا مین جاں بحق

پشاور/اسلام آباد…یوم عشق رسولﷺ کے موقع پر پشاورشہر میں جی ٹی روڈ پر مظاہرے کے دوران فائرنگ سے نجی چینل کاکیمرا مین جاں بحق ہوگیا، دوسری جانب مظاہروں کے دوران متعددافراد زخمی بھی ہوئے، لیڈی ریڈنگ اسپتال ذرائع کے مطابق اب تک لائے جانے والے زخمیوں کی تعداد سات ہوگئی ہے،جاں بحق ہونے والے کیمرا مین کا نام محمد عامر بتایا جارہا ہے۔تازہ ترین اطلاعات کے مطابق دوسنیما گھروں کو نذرآتش کرنے کے بعد مشتعل مظاہرین خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس کی عمارت میں گھس گئے ہیں اورتوڑپھوڑکررہے ہیں۔دریں اثنا درالحکومت اسلام آباد میں ٹریفک پولیس نے شہر میں داخلے کی سڑکیں بند کردیں،ٹریفک پولیس کے مطابق احتجاج کے پیش نظر گاڑیوں کا داخلہ بند کیا گیا ہے۔

گستاخانہ فلم پر امریکی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی

اسلام آباد… پاکستان نے گستاخانہ امریکی فلم پر حکومت امریکا کو اپنا باضابطہ احتجاج بھی ریکارڈ کرادیا ہے ۔ اسلام آباد میں امریکی ناظم الامور رچرڈ ہوگلینڈ کو دفترخارجہ طلب کیا گیا ، وہاں انہیں گستاخانہ فلم پر حکومت پاکستان کے احتجاجی جذبات سے آگاہ کیا گیا ، امریکی ناظم الامور کو اس حوالے سے احتجاجی مراسلہ بھی دیا گیا ، حکومت نے اس گستاخانہ فلم کو مسلم امہ کی توہین اور عالمی امن کے خلاف سازش قرار دے رکھا ہے۔