Tuesday 24 September 2013

آواران میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد10ہوگئی

کوئٹہ…ضلع آواران میں زلزلے کے بعد مکانات کے ملبے تلے دبی مزید 8 لاشیں نکال لی گئیں، جس کے بعد آوارن میں ہلاکتوں کی تعداد10ہوگئی ۔۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے مطابق زلزلے کے بعد ضلع آواران میں کئی کچے مکانات کونقصان پہنچا ہے، زلزلے سے مواصلاتی نظام شدیدمتاثر ہوا ۔ علاقے میں ریسکیو ٹیمیں امدادی کام میں مصروف ہیں۔زلزلے سے گرنے والے مکانات میں مزید افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔ ڈپٹی کمشنر گوادر کے مطابق گوادر کی تحصیل پسنی میں زلزلے سے کچے مکانات گرنے کی اطلاع ہے۔ ادھر مستونگ، قلات، سوراب، پنجگور، جعفر آباد اور نصیر آباد میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

جنوبی پاکستان میں7.7 شدت کازلزلہ،2جاں بحق،متعدد مکانات منہدم

کراچی…پاکستان کے جنوبی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں،جس کے نتیجہ میں2افراد جاں بحق ہو گئے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 7.7 ریکارڈ کی گئی۔ شام 4 بج کر29 منٹ پر محسوس کئے جانے والے زلزلے کے جھٹکوں کا مرکز زیر زمین 23کلو میٹر گہرائی میں بلوچستان کے علاقے دالبندین سے145 کلومیٹر جنوب مغرب میں تھا۔زلزلے سے خوفزدہ لوگ ورد کرتے ہو ئے دفاتر اور گھروں سے باہر آگئے۔ جن علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ان میں کراچی،حیدر آباد ،لاڑکانہ ،سکھر،نواب شاہ، ٹھٹھہ، خیرپور ، ٹنڈو محمد خان،پڈعیدن،ہنگورجہ، رسول آبادجبکہ بلوچستان کے علاقے تربت ،گوادر ،کوئٹہ ،سبی ،دالبندین،مستونگ،قلات،سوراب،پنجگور،جعفر آباد اور نصیر آبادخضداراوراس سے ملحقہ علاقے شامل ہیں ۔ امریکی جیو لوجکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.8 تھی، جبکہ زلزلے کے بعد آفٹر شاکس بھی آئے جس کی شدت 5.9تھی ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آواران کے مطابق آواران کے علاقے لباج میں زلزلے کے جھٹکوں سے کچے مکانات کو نقصان پہنچا ہے اور متعدد مکانات منہدم ہو گئے ہیں، منہدم مکانات سے2افراد کی لاشیں او ر 8زخمیوں کو نکال کر طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کر دیا ہے جبکہ مزید ہلاکتوں کا بھی خدشہ ہے،علاقے میں امدادی کاروئیاں جا ری ہیں۔ آواران میں مواصلاتی نظام مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔

حکومت بلوچستان نے آواران میں ایمرجنسی نافذ کر دی

کوئٹہ…وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی کارروائیاں شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہو ئے ضلع آواران میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔زلزلے سے متاثر ہونے والے ضلع آواران کا علاقہ لباج سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور متعدد مکانات گر گئے ہیں جس میں دب کر2افراد جاں بحق اور8افراد زخمی ہو گئے جبکہ مزید لوگوں کے ملبے تلے دب جانے کا خدشہ ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا امکان ہے۔

آواران :زلزلے سے مکانات تلے دب کر دو افراد ہلاک

کوئٹہ…ضلع آواران میں کچے مکانات گر نے سے ملبے تلے دب کر دو افراد ہلاک ہوگئے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے مطابق زلزلے کے بعد ضلع آواران میں کئی کچے مکانات کونقصان پہنچا ہے، ایک مکان کے ملبے سے دو لاشیں نکالی گئیں ہیں جبکہ مواصلاتی نظام شدیدمتاثر ہوا ۔ علاقے میں ریسکیو ٹیمیں امدادی کام میں مصروف ہیں۔زلزلے سے گرنے والے مکانات میں مزید افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔ ڈپٹی کمشنر گوادر کے مطابق گوادر کی تحصیل پسنی میں زلزلے سے کچے مکانات گرنے کی اطلاع ہے۔ ادھر مستونگ، قلات، سوراب، پنجگور، جعفر آباد اور نصیر آباد میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

Sunday 22 September 2013

پشاور میں کوہاٹی گیٹ کے سامنے گرجا گھر میں خودکش دھماکھ, 50 ہلاک 70زخمی.

پشاور…پشاور میں کوہاٹی گیٹ کے سامنے گرجا گھر میں خودکش دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد50تک پہنچ گئی ہے،70زخمیوں میں اب کئی افراد کی حالت نازک ہے اور ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔صدر،وزیر اعظم سمیت سیاسی اور ،مذہبی راہنماؤں نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔خود کش دھماکے کے خلاف کونسل برائے عالمی مذاہب کی جانب سے 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے،کونسل برائے عالمی مذاہب کے مطابق تمام مشنری اسکول اورکالج 3 دن بند رہیں گے۔کمشنر پشاور صاحب زادہ انیس نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہو ئے کہا ہے کہ جاں بحق افراد میں 4 بچے اور 4 خواتین بھی شامل ہیں،پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں25سے زائد لاشیں لائی گئی ہیں جبکہ دیگر لاشیں دیگر اسپتالوں میں بھی منتقل کی گئیں۔کمشنر پشاور کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب لوگ گرجا گھرسے باہرنکلے تھے، ملنے والے شواہد سے حملہ خودکش معلوم ہوتا ہے،خودکش حملہ آورکے جسمانی اعضاء تحقیقاتی ٹیموں نے قبضے میں لے لئے ہیں جبکہ مزید شواہد کے لئے بم ڈسپوزل اسکواڈ دھماکے کی جگہ پر شواہد اکٹھے کرنے میں مصروف ہے۔چرچ میں دھماکا ایک قومی سانحہ ہے ،ایس پی سٹی پولیس کا دھماکے کے حوالے سے کہنا ہے کہ عینی شاہدین کے مطابق2 دھماکے ہوئے ،مزید تحقیقات کی جارہی ہیں ،دھماکے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوا جسے تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ایس پی سٹی پولیس نے لوگوں سے اپیل ہے کہ دھماکے کی جگہ خالی کردیں۔پاکستان چرچ پشاور کے قدیم ترین گرجا گھروں میں سے ایک ہے اور اتوار کے روز بڑی تعداد میں مسیحی برادری عبادت کیلئے گرجا گھرآتی ہے، جن کی تعداد سیکڑوں میں بتائی جارہی ہے۔