Friday 21 September 2012

گستاخانہ فلم کیخلاف احتجاج، مکمل شٹرڈان

پشاور: گستاخانہ فلم کے خلاف ملک بھر کے گلی کوچوں میں احتجاج جاری ہے۔ چھوٹے بڑے شہروں میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال اور ٹریفک کا پہیہ جام ہے جبکہ عشق مصطفی سے سرشار لوگ سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ امریکا میں بننے والی گستاخانہ فلم کے خلاف گزشتہ روز سے شروع ہونے والے احتجاجی مظاہرے اور ریلیوں کا سلسلہ آج صبح دوبارہ شروع ہوگیا اور پوری قوم متحد ہو کر نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی شان میں گستاخی کرنے والوں سے نفرت کا اظہار کر رہی ہے۔ اس موقعے پر سرکاری دفاتر، تعلیمی ادارے اور کاروباری مراکز بند رہیں گے۔ سیاسی جماعتوں، مذہبی اور سماجی تنظیموں کی جانب سے احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی جس میں توہین آمیز فلم پر عوام کی جانب سے احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا۔ یوم عشقِ رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے حوالے سے پٹرول پمپس، سی این جی اسٹیشنز، سینما اور تھیٹر ہالز بھی بند رہیں گے۔ آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن پنجاب نے صوبے بھر میں مکمل ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ ایئر پورٹس سمیت تمام سرکاری اور غیر سرکاری پمپس کو تیل کی سپلائی بند رہے گی۔ کوئٹہ اور کراچی کے درمیان بس سروس معطل رہے گی۔ سیکیورٹی خدشات کے بنا پر پشاور ناصر باغ سے گورنر ہاوس اور امریکن قونصلیٹ تک کے علاقے کو ریڈ زون قرار دیا گیا، اس علاقے میں اسلحہ اور ڈنڈے اٹھا کر چلنے پر ممانعت ہوگی۔ پاکستان کے دوسرے بڑے شہروں کی طرح اسلام آباد اور پشاور میں بھی امریکی سفارتخانے اور قونصل خانوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے جبکہ اسلام آباد میں ریڈ زون فوج کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

0 comments:

Post a Comment