Saturday 22 December 2012

لاہور: بھارت سے سیریز: قومی کرکٹ ٹیم نئی دہلی روانہ ہوگئی

لاہور … بھارت کیخلاف سیریز کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم لاہور سے نئی دہلی روانہ ہوگئی، کپتان سمیت کسی بھی کھلاڑی یا آفیشل نے میڈیا سے گفتگو نہیں کی۔ پاکستان کی ٹی 20 کرکٹ ٹیم کپتان محمد حفیظ کی قیادت میں لاہور سے دہلی روانہ ہوگئی، ون ڈے اسکواڈ 3 دن بعد بھارت جائے گا۔ اس سے قبل کھلاڑی نیشنل کرکٹ اکیڈمی سے انتہائی سخت سیکیورٹی میں لاہور ایئرپورٹ پہنچے جہاں کسی بھی کھلاڑی یا آفیشل نے میڈیا سے گفتگو نہیں کی۔ بھارت روانہ ہونے والا ٹی 20 اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ کپتان محمد حفیظ، ناصر جمشید، احمد شہزاد، کامران اکمل، عمر اکمل، شاہد آفریدی، شعیب ملک، عمر امین، عمر گل، سہیل تنویر، سعید اجمل، جنید خان، اسد علی، محمد عرفان، ذوالفقار بابر۔بھارت روانگی سے قبل نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہورمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بولنگ کوچ محمد اکرم نے کہا کہ وہ یقین دلاتے ہیں کہ پاکستانی بولرز بھارت کے خلاف اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گے،ہر کھلاڑی نے دورے کیلئے بہت محنت کی ہے اور بولرز اچھے نتائج دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک انتہائی پریشر والی سیریز ہے اور کسی ٹیم کو فیورٹ قرار دینا قبل از وقت ہوگا۔ پاکستانی کرکٹرز ڈھائی بجے قومی ایئر لائنز کی پرواز کے ذریعے نئی دہلی روانہ ہوگئے جہاں سے وہ چارٹر ڈ پرواز کے ذریعے آج رات بنگلور پہنچیں گے۔ قومی ٹیم پہلے ٹی 20 میچ میں 25 دسمبر کو بھارت سے مقابلہ کرے گی جبکہ سیریز کا دوسرا اور آخری میچ احمد آباد میں 28 دسمبر کو ہوگا۔ بھارت کیخلاف 3 میچوں کی ون ڈے سیریز کا آغاز 30 دسمبر کو چنائے میں ہوگا جبکہ دوسرا معرکہ 3 جنوری 2013ء کو کولکتہ اور تیسرا مقابلہ 6 جنوری کو نئی دہلی میں ہوگا۔

0 comments:

Post a Comment