Saturday 15 June 2013

کوئٹہ دہشت گردی کی زد میں،ڈپٹی کمشنر سمیت12جاں بحق

کوئٹہ…کوئٹہ میں ویمن یونی ورسٹی کی بس میں دھماکے سے 11 طالبات جاں بحق اور بائیس زخمی ہو گئیں۔ زخمی طالبات کو بولان میڈیکل اسپتال پہنچایا گیا جہاں ایک اور دھماکا ہوا اور نقاب پوش دہشت گردوں نے اسپتال پر قبضہ کرکے عملے کو یرغمال بنالیا۔ فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ عبدالمنصور کاکڑ بھی جاں بحق ہوگئے۔ پولیس اور سیکیورٹی اہل کاروں نے یرغمالیوں کی بازیابی کے لئے آپریشن شروع کردیا ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز فیاض سنبل نے جیو نیوز کو بتایا کہ سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی میں بس طالبات کو لے جانے کیلئے تیار کھڑی تھی, اچانک بس کے اندر زور دار دھماکا ہوا اور آگ لگ گئی۔ دھماکے اور آگ سے 11 طالبات جاں بحق اور 22 زخمی ہوگئیں جن میں بعض کی حالت نازک ہے۔ لاشوں اور زخمیوں کو بولان میڈیکل اسپتال پہنچایا گیا جہاں طالبات اور دیگر مریضوں کے لواحقین سمیت پولیس اور انتظامیہ کے اعلیٰ حکام بھی پہنچ گئے۔ اسی دوران اسپتال کے شعبہ حادثات میں بھی ایک دھماکا ہوا اور اس کے بعد شدید فائرنگ شروع ہوگئی۔ اسپتال میں بھگدڑ مچ گئی ۔ اطلاعات کے مطابق اسپتال میں نقاب پوش دہشت گردوں نے اسپتال میں لوگوں کو یرغمال بنالیا جن میں بعض سرکاری افسران بھی شامل ہیں۔ دہشت گردوں نے اسپتال کی چھت اور دیگر مقامات پر مورچے بنارکھے ہیں۔ فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ عبدالمنصور کاکڑ جاں بحق اور اسسٹنٹ کمشنر صدر انور علی شر زخمی ہوگئے۔ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کیلئے پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری اسپتال طلب کرلی گئی۔ سیکیورٹی اہل کاروں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

0 comments:

Post a Comment