Saturday, 22 December 2012

اے این پی کے رہنما بشیر احمد بلور کی نماز جنازہ آج دو پہر ادا کی جائے گی

پشاور…خودکش حملہ میں شہید اے این پی کے رہنما بشیر احمد بلور کی نماز جنازہ آج دو پہر ادا کی جائے گی۔ آبائی گھر پر رہنماوٴں اور کارکنوں سمیت بڑی تعداد میں لوگ جمع ہے جبکہ آخری دیدار کے لیے بشیر بلور کے بڑے صا حبزادے بھی پشاور پہنچ گئے۔ وزیر بشیر احمد بلور کی شہادت پر ملک بھر میں سوگ کا اعلان کیاگیا ہے جبکہ قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔صدر زرداری نے کہا ہے کہ بشیر بلور کی شہادت قومی سانحہ ہے، وہ ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے،افغان صدر کرزئی کا کہنا ہے کہ بشیر بلور نے دہشت گردی کے خلاف لازوال قربانی دی ۔ گزشتہ روز خیبر پختون خوا کے سینئر وزیر بشیر احمد بلور عوامی نیشنل پارٹی کے ایک جلسہ کے بعد گھر سے جونہی باہر نکلے، ایک خود کش حملہ آور نے اُن کے قریب آکر خود کو اُڑالیا،دھماکے میں ایس ایچ او تھانہ رازق خان اور بشیر احمد بلور کے پرسلنل سیکریٹری موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ بشیر احمد بلور کو انتہائی تشویشناک حالت میں لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا،جہاں آپریشن تھیٹرز میں ڈاکٹرز نے ان کی حرکت قلب اور سانسیں بحال کرنے کی بھرپور کوششیں کی،لیکن بشیر احمد بلور ڈیڑھ گھنٹہ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد خالق حقیقی سے جاملے۔ بشیر بلور کے انتقال سے اسپتال میں موجود عوامی نیشنل پارٹی کے عہدے دار،اور کارکن اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے،اور انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے،لوگ ایک دوسرے سے لپٹ کر روتے رہے اور تسلیاں دیتے رہے۔ بشیر احمد بلور کی میت سخت حفاظتی انتظامات میں ان کے بڑے بھائی غلام احمد بلور کے گھر پہنچا دی گئی۔ رات گئے ان کے بڑے صا حبزادے ہارون بلور بھی آخری دیدار کے لیے آبائی گھر پہنچ گئے۔بشیربلورکی نمازجنازہ آج دوپہر 2بجیکرنل شیرخان آرمی اسٹیڈیم میں اداکی جائے گی اور ان کی تدفین سیدحسن پیربادشاہ بیری باغ کے قبرستان میں ہوگی۔،خیبر پختون خوا کے سینئر وزیر شہادت پر حکومت نے ملک بھر میں ایک روزہ سوگ،جبکہ صوبائی حکومت نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

0 comments:

Post a Comment