Tuesday 15 May 2012

طالبان بن کر ڈاکٹر عامر الطاف کو بلیک میل کرکے 72لاکھ وصول کرنیوالا گروہ گرفتار

ایبٹ آباد: تحریک طالبان کے نام پر ڈاکٹر عامر الطاف کو بلیک میل کرکے بھاری رقوم وصول کرنے والا گروہ پولیس نے گرفتارکرلیا۔ ڈاکٹر عامر الطاف کے بااعتماد ملازمین یہ کام کر رہے تھے : پولیس تفصیلات کے مطابق پیر کے روز ڈی ایس پی کینٹ راجہ عبدالصبور اور ایس ایچ او تھانہ میرپور انسپکٹر قمر حیات نے ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران بتایا کہ ایبٹ آباد کے معروف معالج ڈاکٹر عامر الطاف نے اپنا ایک گھر اپنے ملازم ظہور ولد عجب گل کے ذریعے خالی کروایا۔ اور اس کام کے لئے انہوں نے ظہور کو بائیس لاکھ روپے کی ادائیگی کی۔ کچھ عرصہ بعد ڈاکٹر عامر الطاف نے مذکورہ گھر کو فروخت ساڑھے چار کروڑ روپے کے عوض فروخت کردیا۔ ظہور نے شور شرابا کرکے ڈاکٹر عامر الطاف سے مزید پچاس لاکھ روپے وصول کئے۔

پولیس کے مطابق ظہور کی نیت میں فتور آگیا اور اس نے نمک حرامی کرتے ہوئے اپنے مالک کو لوٹنے کا پروگرام بنالیا۔ جس کے بعد انہوں نے تحریک طالبان کا نام استعمال کرتے ہوئے ڈاکٹر عامر الطاف کو کالیں کروا کر ساڑھے چار کروڑ روپے کی رقم طلب کی۔ ڈاکٹر عامر الطاف کی رپورٹ پر پولیس نے اس کیس کی تفتیش شروع کردی۔ بعد ازاں طے شدہ پروگرام کے تحت ڈاکٹر عامر الطاف شملہ پہاڑی پر ملزمان کو 36 لاکھ روپے کی رقم ایک مخصوص جگہ پر چھوڑ کر آئے۔ جس کے بعد ہارون ولد عبدالقیوم سکنہ ملکپورہ اور اشتیاق ولد عبدالرشید سکنہ اپر ملکپورہ ان پیسوں کو اٹھانے کے لئے آئے کہ پولیس نے انہیں گرفتار کرکے تفتیش کی۔ جنہوں نے انکشاف کیا کہ وہ ظہور اور امجد کے کہنے پر یہ کام کر رہے ہیں۔ جس کے بعد پولیس نے ظہور کے گھر پر چھاپہ مارا اور ساڑھے پندرہ لاکھ روپے کی رقم برآمد کرکے ظہور اور اس کے ساتھ امجد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان ڈاکٹر عامر الطاف کے تمام گھریلو اور کاروباری رازوں سے واقف تھے۔ ظہور کو ڈاکٹر عامر الطاف نے اپنی حفاظت کے لئے رکھا ہوا تھا۔ پولیس نےمقدمہ درج کرلیا۔

0 comments:

Post a Comment