Saturday 13 October 2012

کمشنر ہزارہ نے شملہ پہاڑی پر میڈیا کالونی کا افتتاح کر دیا

ایبٹ آباد:کمشنر ہزارہ ڈویژن محمدخالد خان عمر زئی نے جمعرات کے روز شملہ پہاڑی پر امیر حیدر خان ہوتی میڈیا کالونی کا افتتاح کیا جو کہ 50 کنال پر مشتمل ہے ایبٹ آباد میڈیا کالونی کا اعلان وزیر اعلی خیبر پختونخوا امیر حیدر خان ہوتی نے اپنے ایبٹ آباد کے دورہ کے دوران کیا تھا۔اس موقع پر خالد خان عمر زئی نے کہا کہ میڈیا ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور میڈیا کے تعاون کے بغیر کوئی بھی معرکہ سر نہیں کیا جا سکتا موجودہ صوبائی حکومت نے نہ صرف ایبٹ آباد بلکہ پورے صوبے کے صحافیوں کے مسائل کے حل کے لئے بھر پور توجہ دی ہے اور خطیر وسائل مہیا کئے ہیں صوبے کے تمام اضلاع میں پریس کلب کی عمارات تعمیر کروائی جا رہی ہیں اور سرکاری اراضی سے میڈیا کالونیاں بھی دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد ،مانسہرہ اور ہری پور کے صحافیوں کے لئے میڈیا کالونیوں کے وعدے پورے کر دئیے ہیں اور اس سلسلے میں وزیر اعلی امیر حیدر خان ہوتی اور وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین نے گہری دلچسپی لی ہے ایبٹ آباد کے صحافیوں نے تعمیری صحافت کے ساتھ ساتھ ہزارہ کے امن و امان کو بر قرار رکھتے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے ہر موقع پر انتظامیہ کا ساتھ دیا ہے۔پریس کلب کے صدر میر محمد اعوان،جنرل سیکریٹری سردار نوید عالم،ایبٹ آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر محمد شاہد چوہدری ،جنرل سیکرٹری سردار شفیق احمد ،سابق صدر عامر شہزاد جدون اور سابق جنرل سیکریٹری پریس کلب راجہ محمد ہارون کے علاوہ ڈی سی او ایبٹ آباد سید امتیاز حسین شاہ ،محکمہ اطلاعات کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد طیب بمعہ عملہ، ڈی پی او کریم خان نے بھی تقریب سے خطاب کیا ۔تقریب میں ڈی او آر ایبٹ آباد فضل محمود ،اے سی او ایبٹ آباد اسامہ احمد وڑائچ ،تحصیل دار رحیم داد اور سیکریٹری آر ٹی اے حلیم خان کے علاوہ بڑی تعداد میں صحافیوں مختلف محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔ قبل ازیں کمشنر ہزارہ نے ایک کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے ایبٹ آباد پریس کلب کے فیز ون کا بھی افتتاح کیا۔

0 comments:

Post a Comment