Thursday, 10 January 2013

کوئٹہ بم دھماکے: فضا سوگوار،جاں بحق افراد کی نماز جنازہ آج ہوگی

کوئٹہ …کوئٹہ کے علاقے علم دار روڈ پر رحمت اللہ چوک کے قریب بم دھماکوں میں جاں بحق ہونے والوں کی نماز جنازہ آج ادا کی جائے گی، کوئٹہ شہر کی فضا سوگوار ہے اور امن وامان کی مخدوش صورتحال کے پیش نظر ایف سی کی مزید نفری طلب جبکہ فوج کو ہائی الرٹ کردیا گیا۔ گذشتہ روزکوئٹہ بدترین دہشت گردی کا شکار رہا اور تین بم دھماکوں میں مجموعی طور پر میں 96 افراد جاں بحق اور 170 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ڈی ایس پی اور ایس ایچ اوسمیت9 پولیس اہلکار جبکہ نجی ٹی وی کا ایک کیمرہ مین عمران شیخ اور ایک رپورٹر بھی شامل ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ رحمت اللہ چوک پرہونے والے دونوں دھماکے خود کش تھے۔جائے وقوعہ پر قیامت کا منظر تھا، انسانی اعضاء دور دور تک بکھرے ہوئے تھے۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں علم دار روڈ پر ایک اسنوکر کلب میں دھماکا ہواجو خود کش تھا ، دھماکا ہوتے ہی پولیس ،میڈیا کے نمائندے اور امدادی کارکن جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، امدادی کام جاری تھا کہ قریبی کار میں موجود ایک اور خود کش حملہ آور نے خود کو اڑا لیا،جس سے زیادہ نقصان ہوا۔ ان دونوں دھماکوں میں مجموعی طور پر 84افراد ہلاک اور 100سے زائد زخمی ہوگئے۔ اس سے قبل باچا خان چوک پر ایف سی کی چیک پوسٹ کے قریب بم دھماکے میں 3 اہلکاروں اور بچے سمیت 12 افراد جاں بحق اور سے 40زیادہ افراد زخمی ہوئے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکے میں 20 سے 25 کلو گرام بارودی مواد استعمال اور ٹائم ڈیوائس کے ذریعے دھماکا کیا گیا، ریموٹ کنٹرول بم گاڑی کے نیچے نصب کیا گیا تھا۔دریں اثناء کوئٹہ میں امن وامان کی مخدوش صورتحال کے پیش نظر ایف سی کی مزید نفری طلب اورفوج کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ یہ بات سیکرٹری داخلہ بلوچستان اکبر حسین درانی نے جیو نیوز کو بتایا کہ کوئٹہ میں نماز جمعہ اور علمدار روڈ دھماکوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کی نماز جنازہ کے موقع امن وامان کیلئے ایف سی کی آٹھ پلاٹون طلب کرلی گئیں۔صوبائی حکومت نے کوئٹہ میں آج کیلئے فوج کو بھی ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ سیکرٹری داخلہ بلوچستان نے بتایا کہ ایف سی کی طلب کی گئی نفری شہر میں حساس مقامات پر تعینات کی جائے گی۔

0 comments:

Post a Comment