Saturday, 12 January 2013

کوئٹہ میں دھرنا،شرکا ء کاشہر فوج کے حوالے کرنے تک تدفین سے انکار

کوئٹہ… کوئٹہ میں شدید سردی اور بارش کے باوجود علمدار روڈ بم دھماکے میں جاں بحق ہونیوالوں کے لواحقین کا دھرنا گزشتہ روز سے جاری ہے، شرکا نے صوبائی حکومت کے خاتمے اور کوئٹہ شہر کو فوج کے حوالے کرنے تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ کوئٹہ یکجہتی کونسل کے زیراہتمام سخت سردی اور بارش کے باوجود علمدار روڈ بم دھماکے میں جاں بحق ہونیوالے افراد کے لواحقین جن میں خواتین،بچے اور عمر رسیدہ افراد شامل ہیں،گزشتہ روز سے اپنے مطالبات کے حق میں علمدار روڈ پر دھرنا دیئے ہوئے ہیں جبکہ انتظامیہ کی جانب سے مذاکرات کے کئی دور ہونے کے باوجود شرکا اپنا احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یکجہتی کونسل کے رہنماوٴں نے جیو نیوز کو بتایا کہ حکومت کی جانب سے وعدے وعید احتجاج ختم کرانے کیلئے ناکافی ہیں، لہٰذا اپنے مطالبات پورے ہونے تک نہ تو اپنے احتجاج کو ختم کریں گے اور نہ ہی اپنے پیاروں کی تدفین کریں گے۔ حکومت کی جانب سے مذاکرات کامیاب اور دھرنا ختم کرنے کی بات کی گئی تھی لیکن کوئٹہ یکجہتی کونسل نے حکومتی دعوے کو مسترد کردیا ہے ۔

0 comments:

Post a Comment